وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے خصوصاً ضم اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پی، اراکین اسمبلی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران سیکیورٹی چیلنجز کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اپیکس کمیٹی نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو مشترکہ دشمن قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مربوط اور مؤثر کارروائیاں کی جائیں گی۔
اس مقصد کے لیے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کے جوان ہمارے مہمان ہیں اور وہ ہماری حفاظت کے لیے آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد صوبے میں امن وامان کے حوالے سے انتہائی اہم ویڈیو پیغامpic.twitter.com/ogPGI2y7Xx
— Government of KP (@GovernmentKP) July 29, 2025
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار جس شکل میں بھی ہوں کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد آبادیوں میں پناہ لیتے ہیں، عوام ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک ناسور بن چکی ہے، اس کے مستقل خاتمے کے لیے حکومت، عوام اور اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔






















