ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کا کہنا ہے کہ بارشوں کا جاری اسپیل مزید دو روز چلے گا۔ اس کے بعد اگست میں بھی معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں عرفان ورک نے کہا کہ جولائی میں مجموعی طور پر 25 فیصد زائد بارشیں ہوئیں البتہ سندھ میں کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اگست کے مہینے میں معمول کے مطابق یا زیادہ بارش متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 281 ہوئی جبکہ مزید بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید دو افراد جاں بحق ہوئے۔ 26 جون سے اب تک مختلف واقعات میں 281 شہری جاں بحق اور 675 زخمی ہوچکے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا۔ گلگت، سکردو، ہنزہ اور شگر میں 28 سے 31 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بھی 31 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی ۔ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔






















