ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 281 ہوئی جبکہ مزید بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید دو افراد جاں بحق ہوئے۔ 26 جون سے اب تک مختلف واقعات میں 281 شہری جاں بحق اور 675 زخمی ہوچکے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا الرٹ بھی جاری کر دیا۔ گلگت، سکردو، ہنزہ اور شگر میں 28 سے 31 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔ مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بھی 31 جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی ۔ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔
پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، درجنوں دیہات زیرِ آب
سیلابی صورت حال میں شہریوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کےلئے صوبہ بھر میں دفعہ144نافذ ہے، لیہ میں خلاف ورزی کرنے والے 6شہریوں کو تھانہ صدر پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
ڈی جی خان میں دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، حکام کے مطابق دریائے سندھ میں پانی کی سطح کو مسلسل مانیٹر کیا جارہا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
روجھان میں دریائے سندھ میں طغیانی کے باعث کچہ چوہان سمیت معتدد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جس ہزاروں ایکڑ فصل تباہ ہوگئی، دریائےسندھ میں طغیانی سے معتدد نشیبی علاقوں سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔ سیلابی علاقوں سے آمدورفت کےلیے سیلاب متاثرین کشتیوں کااستعمال کرنے لگے۔
راجن پور میں رود کوہی سیلاب کی تباہی کاریاں جاری ، ہر سال سیلاب سے بستی فقیر بخش ، بستی مہیسر ، پتی جمعہ آرائیں ، سونواہ اور چک جلال پور کے متاثرین والے متاثرین آج بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب
سکھر میں گڈو اور سکھربیراج پرپانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے، گڈوبیراج پر24گھنٹوں میں پانی کی سطح میں15ہزار کیوسک کا اضافہ ہوگیا، گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹوں میں گڈو، سکھراورکوٹری بیراج پرپانی کی سطح میں اضافہ ہوگا۔
چلاس ناران ہائی وے ٹریفک کیلئے بحال
نیشنل ہائی وےاتھارٹی نے چلاس ناران ہائی وے کو ٹریفک کیلئے بحال کردیا، شاہراہِ بحالی کے بعد چلاس زیرو پوائنٹ سے ٹریفک رواں دواں ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان کے مطابق شاہراہ بابوسرپرلاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے، نجی ٹی وی کی اینکرپرسن کی گاڑی سیلابی ملبے سے ملی ہے۔ مقامی رضاکاراورکمیونٹی بھی سرچ آپریشن میں حصہ لےرہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پانی وبجلی کی فراہمی کیلئےاقدامات اٹھائے جارہے ہیں، صوبہ بھر میں ایریگیشن چینلز کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔






















