وادی تیراہ کے علاقے باغ میدان میں خوارج کی فائرنگ کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی شہادت پر وزیراعظم شہباز شریف اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مکروہ عزائم قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے بھی واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے اور زخمیوں کے لیے فی کس 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پائیدار امن، عوامی تحفظ اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ نے مقامی جذبات و تحفظات کو سمجھنے کے لیے قبائلی مشران اور عوامی نمائندوں پر مشتمل ایک جرگہ پشاور طلب کیا ہے جبکہ ڈویژنل اور صوبائی سطح پر جرگوں کا سلسلہ آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو عوامی رابطے مضبوط بنانے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اس طرح کے واقعات کے حل کے لیے تجاویز مرتب کی گئی تھیں جن پر عملدرآمد کیا جائے گا۔





















