محکمہ موسمیات نے کل سے ملک بھر میں مون سون کا نیا اسپیل شروع ہونے کی پیش گوئی کردی۔ بعض علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 28 سے 31 جولائی کے دوران اسلام آباد کے ساتھ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان میں 29 سے 31 جولائی جبکہ سندھ میں 30 سے 31 جولائی کے دوران بارشیں ہوں گی۔ اس دوران کچھ علاقوں میں طوفانی بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ مختلف شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سیاح اور مسافر موسم کو دیکھ کر اپنے سفر کے پروگرام ترتیب دیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ مضافاتی تحصیل دنیور میں پانی کا بڑا ریلہ داخل ہونے سے دریا کا رخ تبدیل ہوگیا۔ کیچڑ اور مٹی کا سیلاب آگیا۔
مضافاتی تحصیل دنیور میں آنے والے بڑے ریلے نے دریا ہنزہ کا رخ تبدیل کردیا، دریا کنارے متعدد گھروں کو ملیامیٹ کردیا ۔ درخت اور سیکڑوں کنال اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ۔ مقامی لوگوں اور ریسکو اہلکاروں نے انسانی زندگیوں کو محفوظ بنایا۔
چلاس تھک بابوسر میں بھی فلیش فلڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد متاثرین کے سروں پر چھت کی بجائے آسمان اور زمین پر بستر کی جگہ پتھر ہی پتھر سیلابی ریلے کئی گھر، رابطہ سڑکیں، مویشی خانے اور سیکڑوں کنال زرعی اراضی بہالے گئے، بستیاں اجڑ چکی ہیں ۔ متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے پڑے ہیں۔
لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے پاک فوج ۔ گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور دیگر ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے جدید گراؤنڈ سرویلنس ریڈار سسٹم کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ مشکل علاقوں میں دبے یا بہہ جانے والے افراد کی نشاندہی کی جاسکے۔






















