پاکستان نے علاقائی سلامتی، فوجی سفارت کاری اور اسٹریٹجک مکالمے کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کی میزبانی کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق "رابطوں کو مضبوط اور امن کو یقینی بنانا" کے عنوان سے منعقدہ اس تاریخی کثیرالجہتی کانفرنس میں امریکا، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان کے اعلیٰ عسکری وفود نے شرکت کی۔
پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمان وفود کا خیرمقدم کیا اور اپنے خطاب میں پاکستان کی جانب سے خطے میں امن، استحکام اور تعمیری شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ اس پیچیدہ خطرات کے دور میں فوجی تعاون، اسٹریٹجک مکالمہ اور باہمی اعتماد کا فروغ ناگزیر ہے اور پاکستان شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر محفوظ اور خوشحال علاقائی ماحول کی تعمیر کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
کانفرنس میں شرکاء نے علاقائی سلامتی کے چیلنجز، انسداد دہشت گردی کے لیے بہترین حکمت عملیوں کے تبادلے، مشترکہ تربیتی اقدامات اور بحرانوں کے دوران مربوط انسانی ہمدردی کی کوششوں پر جامع تبادلہ خیال کیا۔
شرکاء نے قیام امن، قومی خودمختاری کے احترام اور دہشت گردی، سائبر خطرات اور پرتشدد انتہا پسندی جیسے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی توثیق کی۔
اس موقع پر شرکاء نے پاکستان کے قائدانہ کردار، مہمان نوازی اور جامع دفاعی سفارت کاری کے فروغ کے اقدام کو سراہا اور انہوں نے اس کانفرنس کو علاقائی یکجہتی اور مشترکہ سلامتی کے مفادات کی عکاسی کرنے والا ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کانفرنس پاکستان کے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے عزم کی واضح مثال ہے۔






















