ترکیہ کے نامور اداکار براق اوزچیویت نے عالمی سطح پر مشہور ترکی کے تاریخی ڈرامے کورولوس عثمان میں مزید کام کرنے سے انکار کردیا، انہوں نے معاوضے کے تنازع کے باعث سیزن 5 چھوڑ دیا۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اداکار براق اوزچیویت اور سیریز کے پروڈیوسر مہمت بوزداغ کے درمیان نئے سیزن کے معاوضے پر اختلافات پیدا ہوگئے، براق نے سیزن 5 کیلئے فی قسط 40 لاکھ ترک لیرا کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاوضے کے تنازع کے بعد دونوں فریقین نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کو اَن فالو بھی کردیا، جس سے ان افواہوں کو مزید تقویت ملی ہے، براق اوزچیویت کورولوس عثمان کے اگلے سیزن میں کام نہیں کریں گے۔
حال ہی میں براق اوزچیویت نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے لکھا کہ الوداع کہنا ایک عظیم خوبی ہے۔
اداکار نے لکھا کہ 6 سالہ محنت اور جذبے کے سفر کے اختتام پر دل کی گہرائیوں سے اپنے ناظرین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، اُن لوگوں کو بھی الوداع کہنا چاہتا ہوں جنہوں نے حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کی، بہت جلد نئی کہانی میں ملاقات ہوگی۔
خیال رہے کہ کورولوس عثمان کے نئے سیزن میں عثمان بے کو بوڑھا دکھایا جانا تھا اور اس میں کہانی زیادہ تر ان کے بیٹے اورحان غازی پر مرکوز ہوگی۔






















