نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مون سون بارشوں اور سیلاب سے متعلقہ واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پنجاب اور خیبر پختونخوا سے 4-4 افراد اور گلگت بلتستان سے 2 افراد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 7 کا تعلق پنجاب، 2 خیبر پختونخوا، ایک آزاد کشمیر اور 3 اسلام آباد سے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 جون سے 23 جولائی 2025 تک مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 252 افراد جاں بحق اور 611 زخمی ہو چکے ہیں۔
اسی عرصے میں 1005 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 328 مویشی ہلاک ہوئے۔
پنجاب سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، جہاں سب سے زیادہ افراد جاں بحق اور نقصانات رپورٹ ہوئے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 25 جولائی تک مزید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا امکان ہے خاص طور پر شمالی اور پہاڑی علاقوں میں جہاں گلیشئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈز (جی ایل او ایف) اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب زدہ سڑکوں، ندیوں اور پلوں سے گزرنے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے ریسکیو آپریشنز جاری ہیں جبکہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔






















