بابوسر میں بہہ جانے والے افراد تاحال لاپتا جبکہ شاہراہ قراقرم پر مزید سیکڑوں مسافر پھنسے گئے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ شاہراہ بابوسر پر شدید بارشوں کے بعد پھنس جانے والے تمام سیاحوں اور مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت کے شاہراہ بابوسر سے ریسکیو کئے گئے سیاح اس وقت چلاس شہرمیں ہیں، سیاحوں کیلئےمقامی نجی ہوٹل مالکان اور حکومت نےمفت رہائش کا انتظام کیا۔
فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم دوبارہ ایک دو مقامات پر بند ہوگئی ہے، شاہراہ قراقرم کی بندش سے ہزاروں مسافر جگہ جگہ پھنس گئے ہیں، شاہراہ کو بشام تک بحال کرنے کا کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ کلاؤڈ برسٹ، آبی ریلے اور لینڈ سلائیڈنگ سے گلگت بلتستان میں منہ زورآبی ریلوں میں بہنے والی بڑی بڑی چٹانوں نےتباہی پھیردی۔ دیامر وادی میں 50 سے زائد گھر ملیامیٹ ہوگئے ۔ 5 افراد جان سے گئے۔ راستے بند ہونے سے سیاح پھنس گئے ۔ وادی سے 250 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ 15 سیاح تاحال لاپتا ہیں۔ تلاش کےلیے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا۔






















