گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی برآمدات کا حجم 32 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔
مالی سال دوہزار 2024،25 میں ملکی برآمدات میں ایک ارب 36 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگیا۔مجموعی برآمدات 4.45فیصد بڑھ کر32ارب ڈالر کی حد عبور کر گئیں۔
ٹیکسٹائل برآمدات میں 7.39فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جس کا حجم 17 ارب 88 کروڑ ڈالر رہا۔ریڈی میڈ گارمنٹس، خام کپاس، دھاگہ، نیٹ ویئر، بیڈ ویئر، تولیے اور خیموں کی برآمدات کے حجم میں بھی اضافہ ہوا۔
چینی کی برآمدات 7 لاکھ 65 ہزار ٹن ریکارڈ کی گئیں جن کی مالیت 41 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہی۔ مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات 4.84فیصد بڑھ کر 4 ارب 22 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی۔قالین، دستانے، فٹبال اور دیگر سپورٹس گڈز نے بھی برآمدات کو سہارا دیا۔
چمڑے کی مصنوعات میں 4.87فیصد کا اضافہ ہوا، مجموعی حجم 57کروڑ 25 لاکھ ڈالر رہا۔ ادویات کی برآمدات نے 34 فیصد اضافے کے ساتھ 45 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کا ہندسہ عبور کیا۔ پیٹرولیم اور کوئلے کی برآمدات میں 44 فیصد اضافہ ہوا، جن کا حجم 57 کروڑ 33 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرجیکل آلات، پلاسٹک، سیمنٹ، جیولری اور ربڑ مصنوعات بھی برآمدات کے میدان میں پیش پیش رہیں۔
دوسری جانب غذائی اجناس کی برآمدات میں 3.44فیصد کمی دیکھی گئی۔حجم 7 ارب 11 کروڑ ڈالر پر آ کر رک گیا۔چاول، پھل، سبزیاں، مصالحے اور گوشت جیسے شعبے دباؤ کا شکار رہے۔فرنیچر اور الیکٹرک پنکھوں کی برآمدات میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی۔






















