الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے وقت میں تبدیلی کردی، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے وقت میں تبدیلی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کل صبح 9 بجے کے بجائے 11 بجے ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں 7 جنرل، 2 خواتین، 2 ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔
دوسری جانب سینیٹ انتخابات سے متعلق خیبرپختونخوا اسمبلی مین اہم اجلاس جاری ہے، جس میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ بھی شریک ہیں، الیکشن کمیشن حکام بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پی پی پی کے امیدوار طلحہ محمود اور ن لیگ کے نیاز احمد بھی اہم اجلاس میں شریک ہیں، اجلاس میں کل ہونیوالے انتخابات کے حوالے الیکشن کمیشن کے حکام بریفنگ دے رہے ہیں۔
اس سے قبل خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں سے حلف نہیں لیا جاسکا، اسپیکر نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس 24 جولائی تک ملتوی کردیا، جس کے بعد اپوزیشن نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
اپوزیشن کی درخواست پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں سے حلف لینے کیلئے گورنر کو نامزد کردیا۔
ن لیگی رہنماء امیر مقام کا کہنا ہے کہ آج ہی اراکین کی حلف برداری تقریب منعقد کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔





















