بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر وزیراعظم نریندر مودی سے وضاحت طلب کی ہے جس میں انہوں نے پاک، بھارت کشیدگی کے دوران 5 بھارتی طیاروں کے مار گرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔
ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 میں پاک، بھارت تنازع کے دوران 5 بھارتی طیارے تباہ ہوئے، تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹرمپ کے بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم مودی سے سوال کیا، "مودی جی، 5 طیاروں کا سچ کیا ہے؟ قوم کو حقائق جاننے کا حق ہے۔"۔
मोदी जी, 5 जहाज़ों का सच क्या है?
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) July 19, 2025
देश को जानने का हक है! pic.twitter.com/mQeaGCz4wp
انہوں نے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے وضاحت پیش کرے۔
ادھر، کانگریس کی ترجمان سونیا مشرا نے بھارتی حکام کے متضاد بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے ایک انٹرویو میں طیاروں کے گرنے کے بارے میں مبہم بیان دیا تھا جہاں انہوں نے کہا کہ "یہ ضروری نہیں کہ طیارے گرے، بلکہ یہ جاننا اہم ہے کہ وہ کیسے گرے۔"
ترجمان نے الزام لگایا کہ مودی حکومت اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور قوم سے حقائق چھپا رہی ہے۔





















