این ڈی ایم اے نےآنے والے دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو قیمتی اشیا محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا بندوبست رکھنے اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں پچیس جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں ۔
اسلام آباد ، راولپنڈی، لاہور اور ملتان سمیت پنجاب میں بھی بارشیں ہوں گی۔ کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور نوابشاہ سمیت سندھ میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا بندوبست رکھیں۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھنے کا بھی کہا گیا ہے۔



















