فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث دنیا بھر میں بین الاقوامی پروازوں کی بکنگ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ٹریول فرم ForwardKeys کے مطابق، غزہ تنازعے کے بعد سے دنیا بھر میں خاص طور پر امریکا میں بین الاقوامی پروازوں کی بکنگ گر گئی ہے کیونکہ لوگ مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر کے دورے منسوخ کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 1400 اسرائیلی ہلاک ہوئے جبکہ اسرائیل کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
فارورڈ کیز کے ایک آفیشل کے مطابق یہ جنگ ایک تباہ کن اور دل دہلا دینے والا انسانی المیہ ہے جسے ہم سب روزانہ اپنی ٹی وی اسکرینوں پر دیکھ رہے ہیں، یہ لوگوں کو خطے کا سفر کرنے سے روکے گا، لیکن اس کے باعث صارفین کی جانب سے دوسری جگہوں پر سفر کرنے میں بھی کمی آئی ہے۔
ForwardKeys کے فلائٹ ٹکٹنگ ڈیٹا کے مطابق جنگ کے آغاز سے تین ہفتے قبل جاری کئے گئے ٹکٹوں کی تعداد کے مقابلے میں جنگ شروع ہونے کے بعد تین ہفتوں میں امریکا سے بین الاقوامی پروازوں کی بکنگ میں 10 فیصد کمی واقع ہوئی۔
ڈیٹا کے مطابق بین الاقوامی پروازوں کی بکنگ تمام خطوں میں اوسطاً 5 فیصد گری۔