پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے آل شیئرانڈیکس کی شرعی اسکریننگ پر نظرثانی کرکے کمپنیوں کےغیرشرعی قرضوں کی حد میں 4 فیصد کی کمی کردی ہے جبکہ غیر شرعی سرمایہ کاری کی حد میں 3 فیصد کمی کی تجویز ہے۔ ایس ای سی پی نے شرعی انڈیکس کی اسکرینگ میں تبدیلی پاکستان کو 2027 تک ربا فری بنانے کے اقدامات کا حصہ قرار دیا ہے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کمپنیوں کےغیرشرعی قرضوں کی حد 37 فیصد سے کم کرکے 33 فیصدکردی گئی، جبکہ کمپنیزکی غیر شرعی سرمایہ کاری کی حد 33 فیصد سےکم کرکے 30 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
شریعہ کمپلائنس انڈیکس کے لیے کمپنیوں کو تھری، فور اور فائیؤ اسٹار ریٹنگ دی جائے گی، ایس ای سی پی کے مطابق شریعہ کمپلائنٹ انڈیکس کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا گیا ہے،جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہو گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئی لسٹڈ کمپنیوں کی شریعہ انڈیکس میں عبوری شمولیت کاطریقہ کاربھی متعارف کیا گیا۔ نان بینکنگ فنانس اورکپیٹل مارکیٹ کو ربا فری بنانےکےجامع اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اسٹاک ایکسچینج کو اسلامی انڈیکسز کی فہرست سہ ماہی اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔




















