ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق اور لیجنڈ کرکٹر سر ویوین رچرڈز ورلڈ کپ 2023 کے دوران پاکستان کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر مایوس ہوگئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے لیے ایک حالیہ کالم میں سر ویون رچرڈز نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ٹیم غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک ہے لیکن اس نے اپنے میگا ایونٹ کے سفر کو غیر ضروری طور پر چیلنجنگ بنا دیا ہے۔
لیجنڈ کرکٹر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے گرین شرٹس کو پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ حاصل کر لینی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے حالیہ برسوں میں اپنے کوچنگ ورک کے ذریعے قریب سے دیکھا ہے کہ اس اسکواڈ میں کتنی صلاحیتیں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ ویوین رچرڈز پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے مینٹور کے فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ گرین شرٹس ٹیبل میں اپنی جگہ سے کہیں زیادہ باصلاحیت اسکواڈ ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو کیویز نے لنکن ٹائیگرز کو شکست دے دی ہے جس کے بعد پاکستان کے میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں۔