بلوچستان کے علاقے مستونگ میں قومی شاہراہ پر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کا قائم مقام ڈی ایس پی اور ایک اہلکار شہید ہوگئے، 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق مستونگ میں قومی شاہراہ کے قریب نامعلوم افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے سینئر افسر کی گاڑی پر فائرنگ کردی، واقعے میں قائم مقام ڈی ایس پی، آئی پی عبدالرزاق اور سپاہی راز محمد شہید ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق واقعے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔






















