کہوٹہ کے علاقے بھون روڈ پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ سی پی او راولپنڈی نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
مقتولین کی شناخت ثمراقبال،جنید گل،متین کیانی اور شعیب کے نام سے ہوئی۔ مقتولین گاڑی میں جا رہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق ثمر اقبال اور جنید گل آپس میں بھائی تھے اور ثمر اقبال قتل و اقدام قتل کے مقدمات میں اشتہاری تھا۔ مقتول متین کیانی کا تعلق بھون اور شعیب کا چونترہ سے تھا۔
سی پی او خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی اور فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔






















