ملک بھر میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی کی تباہ کاریاں جاری ہیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر رپورٹ جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات کے دوران 54 لوگ جاں بحق ہوئے، بارش کے دوران تمام افراد پنجاب میں جاں بحق اور 227 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 26 جون تا 17 جولائی 178 افراد جاں بحق، 491 زخمی ہوئے، سب سے زیادہ پنجاب میں 103 افراد جاں بحق، 385 زخمی ہوئے، خیبرپختونخوا میں 38 افراد جاں بحق اور57 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں 20 افراد جاں بحق اور40 زخمی ہوئے، بلوچستان میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے، آزاد کشمیر میں 1 شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے۔
واضح رہے کہ 16 سے 17 جولائی کے درمیان صوبہ پنجاب کے بڑے شہروں راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں شدید بارشیں رپورٹ ہوئیں، جس سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
راولپنڈی میں 15 گھنٹوں کے درمیان 255 ملی میٹر بارش سے نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجائےگئے، چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 423 ملی میٹر بارش برسنے پر ڈیم کا بند ٹوٹ گیا۔
راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں ہونے والی شدید بارشوں سے ہزاروں بجلی صارفین بھی متاثر ہوئے، مسلسل بارش اور سیلابی ریلے متعدد ٹرانسفارمر، بجلی کےکھمبے اور تاریں بہا کر لےگئے۔ ڈیم ٹوٹنے سے درجنوں آبادیاں ڈوب گئیں۔ نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔
موسلا دھار بارش سے چکوال کے بائیس چھوٹے ڈیم اوور فلو ہوگئے، پنوال چھوٹا ڈیم ٹوٹنے سے خطرناک ریلہ امڈ آیا۔ دوگاڑیاں اور 3 افراد بہہ گئے، دو کو تو بچالیا گیا مگر ایک لاپتہ ہے۔






















