بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع گونا میں ایک 42 سالہ شخص دیپک مہاور کی زہریلے سانپ کے کاٹنے سے موت ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق دیپک پیشہ ورانہ طور پر سانپوں کو ریسکیو کرنے کا کام کرتا تھا اور اسے بربت پورہ گاؤں سے ایک زہریلے کوبرا کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔
دیپک نے فوری طور پر کوبرا کو ریسکیو کیا لیکن اسی دوران اسے اپنے بیٹے کے اسکول سے کال آئی کہ وہ بیٹے کو لینے آئے۔
دیپک ریسکیو کیا ہوا کوبرا گلے میں ڈال کر اسکول چلا گیا جہاں راستے میں لوگوں نے اسے حیرت سے دیکھا اور اس کی ویڈیو بنائی۔
View this post on Instagram
بیٹے کو گھر لانے کے بعد کوبرا نے دیپک کے ہاتھ پر کاٹ لیا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا۔
اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اس کی حالت بہتر ہوئی اور اسے گھر بھیج دیا گیا۔
بدقسمتی سے، آدھی رات کو اچانک اس کی طبیعت بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
رپورٹس کے مطابق دیپک نے اپنی مہارت سے سیکڑوں سانپوں کو انسانی آبادیوں سے ریسکیو کرکے جنگلوں میں آزاد کیا تھا اور اس شعبے میں کافی شہرت رکھتا تھا۔






















