چکوال اور گردونواح میں 400 سے زائد ملی میٹر بارش نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا۔
ضلع چکوال اور تحصیل چوآسیداں شاہ میں کل صبح سے جاری بارش سے متعدد علاقے ڈوب گئے۔ کٹاس راج کے تاریخی مندروں میں بھی سیلابی پانی داخل ہوگیا۔ کٹاس راج کا پوترتالاب سیلابی پانی سے بھرگیا۔
متعدد گاؤں میں انتظامیہ کی جانب سےتاحال امدادی سرگرمیاں شروع نہ ہوسکیں، علاقہ جھنگڑ، ہرل امریلہ، موہری اورمتعدد دیہات پانی میں ڈوب گئے، لڑی کےمقام پربجلی کے 3 پول گرگئے۔
واضح رہے کہ جہلم اور چکوال میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں زائد لوگ سیلابی پانی میں پھنس گئے۔ جہلم کے ڈھوک بدر گاؤں میں برساتی نالے کا پانی داخل ہوگیا۔40سے زائد لوگ پانی میں پھنس گئے، جنہیں نکالنے کےلیے آپریشن شروع کردیا گیا۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق چکوال میں 400ملی میٹرسےزائد بارش ہوچکی ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کےدوران چکوال میں ریکارڈ بارش کے باعث سیلابی صورتحال ہے۔






















