کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری کے ماہی گیروں نے کھلے سمندر سے انتہائی قیمتی مچھلیاں پکڑ لیں، 3 روز قبل ماہی گیروں کے جال میں کروڑوں روپے مالیت کی گولڈن سوا کی مچھلیاں پھنسیں۔
رپورٹ کے مطابق کراچی کے ماہی گیروں کے جال میں درجنوں نایاب گولڈن سوا مچھلیاں پھنسیں، جو کراچی فش ہاربر پر فروخت کردی گئیں۔
سوا مچھلی کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے پیٹ سے نکلنے والی چربی سے آپریشن میں استعمال ہونے والا دھاگا بنتا ہے۔
ماہی گیروں کے مطابق سوا مچھلی کا گوشت ایک ہزار روپے کلو میں فروخت کیا جاتا ہے جبکہ ایک گولڈن سوا مچھلی کی قیمت 70 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں سوا سندھ اور بلوچستان کی سمندری حدود میں پائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی ماہی گیروں کی پکڑی گئی مچھلیاں 70 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت ہوئیں۔