اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے میں یوم یکجہتی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ترکیہ اور پاکستان کے اتحاد کو خطے کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت قرار دیا۔ ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے کہا کہ نو سال قبل ترک قوم نے بھرپور مضبوطی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
ترکیہ کا یوم یکجہتی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بھرپور طریقے سے منایا گیا۔ ترک سفارتخانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان مہمان خصوصی تھے۔ آغاز 15 جولائی 2016ء کے شہداء کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔

عبدالعلیم خان نے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے مضبوط تعلقات بھائی چارے، وفاداری اور قربانیوں پر قائم تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ عظیم قوم ہے اور اس کی ترقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے، دوست وہی جو مشکل میں کام آئے، پاکستان اور ترکیہ سچے دوست ہونے کے ساتھ باہمی تعاون، تجارت اور ترقی کے معاہدوں میں بندھے ہوئے ہیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترکیہ کے عوام اُن کے دل کے قریب ہیں، جب بھی ترکی جاتا ہوں انتہائی خوشی محسوس ہوتی ہے، آئی پی پی کنونشنز میں عوام نے ترکیہ کے جھنڈے لہرائے جو پاکستان میں پہلی مرتبہ ہوا، دونوں برادر ممالک کا اتحاد خطے کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے
پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 9 سال قبل ترک قوم نے بھرپور مضبوطی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، تقریب میں اہم سفارتی شخصیات بھی شریک تھیں۔



















