پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے ذیلی ادارے آئی ٹی ایف سی میں معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
معاہدے کے تحت پاکستان کو 51 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی اجتماعی مرابحہ فنانسنگ سہولت فراہم کی جائے گی۔ بین الاقوامی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن کے مطابق یہ فنانسنگ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فراہم کی جا رہی ہے۔
دستخط کی تقریب میں صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر محمد الجاسر نے شرکت کی۔ وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے پاکستان کی نمائندگی کی۔
سربراہ آئی ٹی ایف سی کے مطابق 2008 سے اب تک ادارے کی جانب سے پاکستان میں 8 ارب 10 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ کی گئی۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے اس موقع پر کہا کہ یہ سہولت پاکستان کی تجارتی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی۔






















