وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ امریکا سے ترجیحی ٹیرف رسائی سے متعلق بات چیت میں مثبت پیشرفت ہورہی ہے۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی سربراہی میں معاشی ٹیم کی موڈیز سے ورچوئل میٹنگ میں پاکستان کے معاشی منظرنامے، اصلاحاتی ایجنڈے اور مالیاتی استحکام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کی براہ راست نگرانی میں ٹیکس اصلاحات پرعملدرآمد کیا جارہا ہے، چندسال میں ٹیکس ٹوجی ڈی پی شرح13سے 13.5 فیصد تک لے جائی جائے گی۔
محمداورنگزیب کا کہنا تھا کہ جون کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر14ارب ڈالر سے تجاوز کرچکے ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس اور زرمبادلہ ذخائرمیں نمایاں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ معیشت مستحکم کرنے اور پائیدار وجامع ترقی کیلئے نمایاں پیشرفت کی، پیشرفت پاکستان کی اقتصادی مینجمنٹ پربحال ہوتے اعتمادکی علامت ہے۔
موڈیز حکام کو آئی ایم ایف اسٹینڈبائی ارینجمنٹ کے تحت آخری جائزے کی کامیاب تکمیل سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیرخزانہ نے کہا کہ برآمدات پر مبنی ترقی کیلئے ٹیرف، تجارتی اصلاحات، کفایت شعاری، یورو بانڈ سمیت دیگر عالمی قرضہ مارکیٹس تک رسائی ترجیحات میں شامل ہیں۔






















