قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے سود کے خاتمے سے متعلق اگلی کمیٹی میں گورنر اسٹیٹ بینک سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی بریفنگ طلب کرلی جبکہ وفاقی وزیر نے کمیٹی کو بتایا کہ آبادی کے تناسب سے اس سال دو لاکھ تیس ہزار کا حج کوٹہ مل سکتا ہے ۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرمین ملک عامر ڈوگر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے رواں سال حج انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نئی حج پالیسی وزیر اعظم کی ہدایت پر سعودی تعلیمات کے مطابق تیار کی جا رہی ہے جو جلد کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں نجی حج اسکیم کے 63 ہزار عازمین کے رہ جانے کے معاملے پر بتایا 30 ہزار کے قریب عازمین کے 365 ملین ریال سعودی عرب میں موجود ہیں۔ وزیراعظم نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے اور آئندہ سال ان عازمین کو ترجیح دی جائے گی۔قسطوں پر حج فیس، بحری راستے سے حج سفر، اور پرتعیش رہائشوں میں کمی جیسے اقدامات زیر غور لائے گئے تاکہ حج کو مزید سستا اور آسان بنایا جا سکے۔
اجلاس میں پارلیمان کے وفود کے دورہ سعودی عرب پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ ارکان نے شکایت کی کہ نہ انہیں سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا جاتا ہے اور نہ ہی وزارت مذہبی امور یا سفارت خانہ مناسب توجہ دیتا ہے۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں خطے کے دیگر ممالک بشمول بھارت، بنگلہ دیش اور ایران کے حج اخراجات پر تقابلی بریفنگ طلب کی ہے، جبکہ متروکہ وقف املاک پر بھی تفصیلی رپورٹ مانگ لی گئی ہے۔ کمیٹی نے محرم کے بغیر عورت کے حج پر جانے سے متعلق سفارشات اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے مانگ لی ۔






















