لاہور میں آج صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہر میں سب سے زیادہ بارش نشتر روڈ پر 31 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
لاہور میں آج صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اب تک سب سے زیادہ 31 ملی میٹر بارش نشتر ٹاؤن میں ریکارڈ کی گئی، جیل روڈ پر 13، گلبرگ 15، لکشمی 16، مغلپورہ میں 14 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فرخ آباد میں 12، گلشن راوی 12، اقبال ٹاؤن 12 اور پانی والا تالاب میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سمن آباد 10، جوہر ٹاؤن 4 اور قرطبہ چوک پر 13 ملی میٹر بارش ہوئی۔
لاہور میں بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، شہر کے 53 فیڈر ٹرپ کر گئے، تاج پورہ، کاہنہ، ہربنس پورہ، سمن آباد، شاد باغ کے علاقوں میں بجلی غائب ہے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ فیڈرز کی بحالی کیلئے کام جاری ہے۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے بادامی باغ میں مکان کی خستہ حال چھت گرنے سے 2 کم سن بچے جاں بحق ہوگئے، ملبے تلے دبنے سے 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
امدادی ٹیموں نے کھوکھر روڈ بادامی باغ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث دبنے والے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو نکال لیا، 2 کم سن بچے دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مکان کی چھت لکڑی کے بالوں کی بنی ہوئی تھی، بوسید ہ ہونے کے باعث زمین بوس ہوگئی۔



















