محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے بورڈ امتحانات کے حوالے سے اہم مراسلہ جاری کرتے ہوئے ایسے اساتذہ پر امتحانی ڈیوٹی دینے پر پابندی عائد کر دی ہے جو نقل یا پرچہ آؤٹ کرنے جیسے سنگین معاملات میں ملوث پائے گئے ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق امتحانی ڈیوٹی کیلئے صرف اہل اور دیانتدار اساتذہ کو تعینات کیا جائے گا، وہ اساتذہ جنہیں کسی وجہ سے ڈس کوالیفائی کیا گیا ہو یا جن کیخلاف انکوائری زیر التواء ہو، یا جنہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہو، وہ بھی بورڈ امتحانات میں ڈیوٹی کے اہل نہیں ہوں گے۔
مراسلے میں واضح ہدایت کی گئی ہے کہ ریٹائرڈ اساتذہ کو کسی بھی صورت بورڈ امتحانات میں ڈیوٹی نہ دی جائے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امتحانات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اٹھائے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے تمام متعلقہ حکام کو مراسلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔






















