کراچی کے علاقے ڈیفنس کے فلیٹ سے ماڈل حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے واقعے میں نئی پیش رفت سامنے آگئی۔ اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کے معمہ کو حل کرنے کے لیے پولیس نے تفتیش کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے ماڈل حمیرا اصغر کا لیپ ٹاپ، ڈائری، موبائل فون تحویل میں لے لیا تھا۔ حکام کے مطابق حمیرا اصغر کے زیر استعمال موبائل فون اور لیپ ٹاپ ان لاک کرلیا گیا ہے کمرے میں موجود ڈائری میں تمام پاسورڈ لکھے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور کیمیکل ایگزامن رپورٹ آنے کے بعد واضح ہوسکے گا۔ حمیرا اصغر کے اپارٹمنٹ سے کوئی ایسی چیز نہیں ملی جس سے قتل کا شک ہو، واقعے کا مقدمہ پوسٹ مارٹم اور کیمیکل ایگزامن رپورٹ آنے کے بعد درج کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے فی الحال کوئی فیصلہ کن نتیجہ حاصل نہیں ہو سکا، جس کے باعث پولیس تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔






















