مرحوم اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی دس سال پرانی دوست اور فیشن ڈیزائنر درشہوار کا کہنا ہے کہ حمیرا ان کے لیے فیملی ممبر کی طرح تھیں۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے درشہوار نے بتایا کہ حمیرا جب بھی ان کے گھر آتیں تو رات بھی وہیں ٹھہرتی تھیں۔
درشہوار کے مطابق ان کا حمیرا سے آخری رابطہ ستمبر 2024 میں ہوا جب وہ بیرون ملک تھیں اور اپریل 2025 میں پاکستان واپسی پر رابطے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہیں ملا۔
درشہوار نے بتایا کہ حمیرا نہ صرف ایک باصلاحیت اداکارہ تھیں بلکہ ایک شاندار مصورہ بھی تھیں۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ حمیرا کی موت کی وجوہات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اس دوران ان کی اور ان کے اہلخانہ کی پرائیویسی کو یقینی بنایا جائے۔
حمیرا اصغر اور درشہوار کی گفتگو
سماء ٹی وی نے حمیرا اصغر اور درشہوار کی ستمبر 2024 کی ایک گفتگو بھی منظر عام پر لائی جس میں حمیرا نے مکہ میں موجود اپنی دوست سے کیریئر کی کامیابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔
حمیرا نے درشہوار سے کہا "میں بہت خوش ہوں کہ تم مکہ میں ہو، میرے لیے دعا کرنا۔"
یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی 2025 کو کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں ان کے کرائے کے فلیٹ سے برآمد ہوئی جبکہ پولیس نے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا ہے لیکن موت کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔






















