وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ، اس موقع پر اسرائیل اور ایران جنگ کے دوران شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، عبدالعلیم خان نے ایرانی سفیر کو اسرائیل کے خلاف جنگ میں شاندار کامیابی پر مبارک دی۔
ایرانی سفیر سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے عوام گہرے دوستانہ اور مذہبی رشتے میں جڑے ہیں۔ ایران کی اسرائیل کے خلاف کامیابی ہرپاکستانی کے لیے قابل فخر ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا پر بھارت اور اسرائیل کی اصلیت کھل کر سامنے آگئی ہے۔
ایرانی سفیر نے عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی حکومت، عوام اور میڈیا کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔ ایران نے صہیونیوں کی ذہنیت اور کاروائیوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔جنگ نے پاکستان اور ایران کو دوست اور دشمن کی پہچان کرا دی۔
وفاقی وزیر نے ایران کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے خلاف کامیابیوں پر اللہ تعالٰی کے ہاں سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ ملاقات میں طے پایا کہ دونوں ممالک مواصلات کے شعبے میں بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔



















