چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے نوجوانوں کو ماضی میں پھنسا نہیں دیکھنا چاہتا۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی صحافی کرن تھاپڑ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ لڑی ہے اور اس کے اقدامات کی عالمی برادری نے قدر کی ہے۔
پی پی چیئرمین نے برصغیر میں دہشت گردی کے مسائل کو افغانستان میں ہونے والے واقعات سے جوڑتے ہوئے کہا کہ یہ اس کا براہ راست نتیجہ ہیں۔
بلاول بھٹو نے 2007 کے سمجھوتہ ایکسپریس حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بھارتی سرزمین پر 40 پاکستانی شہریوں کو قتل کیا گیا، لیکن بھارت نہ صرف ملزموں کو سزا دینے میں ناکام رہا بلکہ ان کے اعترافی بیانات کو بھی تبدیل کر دیا گیا۔
انہوں نے حال ہی میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے سہولت کاروں کا بھارتی خفیہ ایجنسی سے براہ راست تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پہلگام واقعے کے متاثرین کے درد کو سمجھ سکتے ہیں، لیکن نئی نسل، جو پاکستان اور بھارت دونوں میں اکثریت میں ہے، کو ماضی کے تنازعات میں پھنسا ہوا نہیں دیکھنا چاہتے۔
بلاول نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو آگے بڑھنے کے لیے تعمیری مذاکرات کی ضرورت ہے۔






















