عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی رہنما ثمر بلور نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ثمر ہارون بلور، سعیدہ جمشید اور جمشید مہمند نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے ثمر ہارون بلور کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور مستقبل کیلئےنیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ثمر ہارون بلور کے عوامی خدمت کے جذبے کی بھی تعریف کی۔ ثمرہارون بلور نے عوام دوست بجٹ اور معاشی ترقی پر وزیراعظم شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا اور خواہش کا اظہار کیا کہ وفاق اور پنجاب کی طرز پر ان کا صوبہ خیبرپختونخوا بھی ترقی کرے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر امیر مقام، رانا ثناء اللہ، زاہد خان، سرداریوسف اور مرتضیٰ جاوید عباسی بھی موجود تھے۔ زاہد خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ثمرہارون بلور کو مخصوص نشست پر قومی اسمبلی کا ٹکٹ دینے کی پیشکش بھی کی۔
ثمربلور پشاور کے حلقہ پی کے 83 سے ایم پی اے رہ چکی ہیں، وہ اے این پی کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات تھیں۔ ثمر بلور کے شوہر ہارون بلور بم دھماکے میں شہید ہوئے تھے۔
یہ ثمر بلور کا ذاتی فیصلہ ہے، غلام احمد بلور
بلور خاندان کے سربراہ اور اے این پی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے سماء سے گفتگو میں کہا کہ میرے ساتھ اس حوالے سے ثمر بلور کے والد، وزیراعظم اور امیر مقام نے رابطہ کیا تھا، اجازت دینے سے میرا کوئی تعلق نہیں یہ ثمر بلور کا ذاتی فیصلہ ہے۔
غلام احمد بلور نے کہا کہ ثمر بلور کو پارٹی سے گلے تھے اس لئے چھوڑ گئی، گلے مجھے بھی ہے مگر میں تاقیامت اے این پی کے ساتھ ہوں اور باچا خان کا سپاہی ہوں، مجھے دکھ ضرور ہے مگر یہ ثمر بلور کا ذاتی فیصلہ ہے۔






















