بھارت کے فاسٹ باؤلر یش دیال کے خلاف خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی پی ایل میں ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ باؤلر یش دیال کے خلاف خاتون سے زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اتر پردیش پولیس نے کرکٹر یش دیال کے خلاف دھوکا دہی، زیادتی اور ذہنی ہراسانی کے الزامات پر مقدمہ درج کیا ہے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق 27 سالہ کرکٹر کے خلاف ایف آئی آر انڈیا پورم تھانے میں اتوار کے روز درج کی گئی۔
خاتون نے الزام لگایا کہ 5 سالہ تعلقات کے دوران کرکٹر نے اسے جسمانی اور ذہنی طور پر استحصال کا نشانہ بنایا اور اس دوران اس کے خاندان نے بھی اس سے جھوٹے وعدے کیے۔
پولیس کی جانب سے یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب غازی آباد کی رہائشی ایک خاتون نے 21 جون کو انٹیگریٹڈ گریوینس ریڈریسل سسٹم (آئی جی آر ایس) کے ذریعے اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو شکایت دی تھی۔




















