انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023ء کے 41 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 5 وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ یقینی کرلی، کیویز نے 172 رنز کا ہدف 5 وکٹوں پر بآسانی پورا کرلیا۔
نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے 172 رنز کا ہدف 23.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کرکے سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔
کیویز کی جانب سے اوپنرز نے 86 رنز کا آغاز فراہم کیا، ڈیوون کونوے 45 اور راچن رویندرا 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیرل مچل 43 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کین ولیمسن 14 اور مارک چیپمین 7 رنز بناسکے، گلین فلپس 17 اور ٹام لیتھم 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے انجیلو میتھیوز نے 2، دشمنانتھا چمیرا اور مہیش تھکشانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے اہم میچ میں بنگلورو میں مدمقابل تھیں، جہاں کیویز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور لنکن ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
سری لنکن ٹیم 46.4 اوورز میں 171 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے کوشال پریرا 51 اور مہیش تھیکشنا 39 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔
دیگر بیٹرز میں پتھم نسانکا نے 2، کسال مینڈس نے 6، سدیرا نے 1 اور چارتھ اسالنکا نے 8 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ اینجلو میتھیوز 16، ڈی سلوا 19 اور چمیکا کرونارتنے 6 رنز بنا سکے۔
کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور رچن رویندرا نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔