پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سماء ٹی وی کے ڈائریکٹر سپورٹس شاہد آفریدی کا سماء ڈیجیٹل کے پلیٹ فارم پر کیا گیا ’’ ریپڈ فائر ‘‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے حال ہی میں سماء ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’ سماء لائف سٹائل ‘ کے ایک سیگمنٹ ’ ریپڈ فائر ‘ میں دلچسپ سوالات کے جوابات دیئے۔
ریپڈ فائر کے دوران شاہد آفریدی سے سوال پوچھا گیا کہ سب سے مزاحیہ کھلاڑی کا نام بتائیں جس کے ساتھ آپ کھیلے ہوں جس پرانہوں نے قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا نام لیا۔
بہترین ٹیم کمبینیشن کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر آفریدی نے سعید انور ، ایڈم گلکرسٹ اور برائن لارا کا نام لیا۔
شاہین شاہ اور نسیم شاہ کے درمیان موازنے کے حوالے سے انہوں نے دونوں کھلاڑیوں کو پسندیدہ قرار دیا جبکہ قورمے کی نسبت بریانی کے حق میں ووٹ دیا اور چائے کے مقابلے میں کافی کو ترجیح دی۔
کیرئیر کے دوران مشکل ترین باؤلر کے حوالے سے سوال پر انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر گلین میگراتھ کا نام لیا جبکہ کرکٹ میں اپنا آئیڈیل سابق کپتان عمران خان کو قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کی وجہ سے کرکٹ کھیلنا شروع کی۔
شاہد آفریدی کے ریپڈ فائر میں دیے گئے جوابات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جنہیں صارفین اور ان کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں اور اسی بدولت کئی ریکارڈ مثلا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اور سب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔