وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر سے ملاقات کی، جس میں مختلف امور پر گفتگو اور دونوں ملکوں میں تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درماین ملاقات ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیراعظم شہبا شریف نے 17 ویں ای سی او اجلاس کی میزبانی پر صدر آذربائیجان کو مبارکباد دی اور بھارت سے جنگ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے بھی مشکل وقت میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی سرمایہ کاری کے امکانات پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کی ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان میں تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، اقتصادی شراکت داری بالخصوص آذربائیجان کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف ای سی او سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے آذربائیجان میں موجود ہیں۔






















