ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اہم میچ ایونٹ کے سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 41 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، سری لنکن ٹیم 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
بھارت کی کامیابی کے بعد جمعرات کو شیڈولڈ پاکستان اور سری لنکا کا میچ ایونٹ کے سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے کیونکہ پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے دو، دو پوائنٹس برابر ہے ۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر کے ٹیبل پر 4 پوائنٹس پر سر فہرست ہے جبکہ پاکستان اور سری لنکا نے اپنے دو میچز میں صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کے حساب سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنالے گی۔
تاہم ، اگر جمعرات کو کھیلے جانے والا میچ بے نتیجہ رہا اور دونوں ٹیموں کو ایک ، ایک پوائنٹ مل گیا تو پھر قومی ٹیم خراب رن ریٹ کی وجہ سے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی اور سری لنکا فائنل میں بھارت کے مدمقابل ہوگی۔