پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین اور سابق وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر تو ہو سکتی ہے لیکن الیکشن ہونا ضروری ہے اور جب بھی ہوگا پیپلز پارٹی الیکشن سے نہیں بھاگے گی۔
ملتان میں چوک سیداں والا بائی پاس پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں آپ سب لوگوں کا شکر گزار ہوں، آپ لوگوں نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ہے، آج بھی مجھے یاد ہے کہ جب ہم نے کٹھ پتلی حکومت کے خلاف مارچ کیا تھا تو آپ نے ہمارا ساتھ دیا۔
سابق وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے عدم اعتماد کے ذریعے چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو ختم کیا، مجھے یاد ہے کہ ہم نے ضمنی الیکشن میں بھی زبر دست کمپین کر کے موسیٰ گیلانی کو جتوایا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن سے نہیں بھاگ سکتے، اتخابات ہونے ہیں، ہم نے اپنے شہدا کی لاشوں کو کندھا دے کر الیکشن لڑے ہیں، ہم بھاگنا نہیں بلکہ مقابلہ کرنا جانتے ہیں، بینظیر بھٹو کی شہادت کے باوجود ہم الیکشن سے نہیں بھاگے تھے۔
اپنے مختصر خطاب میں بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہم انشاء اللہ ملتان میں ایک اچھا جلسہ کریں گے اور الیکشن کمپین کے لئے آپ کے پاس واپس آئیں گے۔