چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ دریا میں پھنسے افراد کو بچانے کے لیے فوری کارروائی کی گئی، کئی افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔سوات میں دریا کے بیچ پھنسے سیاحوں کی زندگی بچانے کے لیے ریسکیو ادارے متحرک ہو گئے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے مطابق کال موصول ہوتے ہی ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ دریا میں مجموعی طور پر 17 افراد پھنس گئے تھے، جن میں 16 سیاح اور ایک مقامی شخص شامل تھا۔ریسکیو اہلکاروں نے 4 افراد کو بچا لیا۔اب تک 9 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش تاحال جاری ہے۔دریا کے بہاؤ کے ساتھ نیچے منیار اور بری کوٹ کے علاقوں میں بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔چیف سیکرٹری کے مطابق سوات کے 8 مختلف مقامات پر ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں دوسری جانب غیر قانونی تیراکی اور کشتی رانی کے خلاف کارروائی بھی کی گئی ہے۔48 افراد کے خلاف غیر قانونی تیراکی جبکہ 20 افراد کے خلاف غیر قانونی کشتی رانی پر مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔انتظامیہ نے دریائے سوات کے کنارے قائم ہوٹل، ریسٹورنٹس اور تجارتی سرگرمیاں بند کر دی ہیں۔



















