ایران کی جانب سے قطر میں واقع امریکی العدید ایئر بیس پر میزائل حملے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مشرق وسطیٰ کے لیے اپنے فلائٹ آپریشنز میں احتیاطی تبدیلیاں کی ہیں اور غیر یقینی صورتحال کے باعث متعدد پروازوں کو واپس بلایا گیا یا متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے دمام جانے والی پرواز کو واپس وطن روانہ کر دیا گیا جبکہ کراچی سے مدینہ اور سیالکوٹ سے مدینہ کی پروازیں بھی واپس موڑ دی گئیں۔
اسلام آباد سے ریاض جانے والی پرواز پی ایف 768 کو خلیج عمان کے اوپر سے واپس بلایا گیا۔
کراچی سے ابوظہبی جانے والی اتحاد ایئرویز کی پرواز ای وائی 295 کو مسقط میں اتار لیا گیا جبکہ اسلام آباد سے ابوظہبی کی پرواز ای وائی 301 اور لاہور سے ابوظہبی کی پرواز ای وائی 288 کو کراچی لینڈ کرایا گیا۔
لاہور سے مسقط کی پی آئی اے کی پرواز پی ایف 732 کو بھی کراچی منتقل کیا گیا۔
اسلام آباد سے ریاض کی پرواز پی اے 274 کو واپس موڑ لیا گیا جبکہ کراچی سے بحرین جانے والی گلف ایئر کی پرواز جی ایف 753 کو مسقط میں اتارا گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث 10 سے زائد پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا ہے۔
مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تازہ معلومات کے لیے پی آئی اے کے کال سینٹر یا ویب سائٹ سے رابطہ رکھیں۔






















