سستی چینی کی فراہمی کے حکومتی اعلان نے عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا۔ پنجاب حکومت اور ملز مالکان کے مابین مذاکرات اور معاہدے کے ثمرات لوگوں تک نہ پہنچ سکے، ماڈل بازاروں میں 140 روپے فی کلو چینی کیلئے اسٹال نہ لگ سکے۔
پنجاب حکومت اور ملز مالکان کا معاہدہ بے سود، عوام تاحال سستی چینی سے محروم ہیں، مارکیٹوں میں 180 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے۔
مل مالکان نے پنجاب حکومت کو 140 روپے فی کلو چینی فراہم کرنا تھی، سستی چینی کو ماڈل اور اتوار بازاروں میں کاؤنٹرز پر فروخت کیا جانا تھا، تاہم چینی سستی ہوئی نہ کاؤنٹرز ہی قائم ہوسکے۔
عوام کا کہنا ہے مارکیٹ میں 180 سے 185 روپے فی کلو میں چینی بیچی جارہی ہے، سستے کاؤنٹر کسی جگہ نظر نہیں آتے۔
سی ای او ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی شاہد قادر کا کہنا ہے جیسے ہی ہدایات ملیں گی کاؤنٹر لگادیئے جائیں گے۔
سستی چینی کیلئے بازاروں کا چکر لگانے والے عوام کا کہنا ہے کہ اگر مل مالکان اور حکومت کے مابین معاہدہ طے پاگیا ہے تو جلد از جلد سپلائی چین بنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔