پاکستان تحریک انصاف نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کردی۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ایران کو کسی بھی غیر ملکی جارحیت کیخلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
امریکا نے ہفتہ اور اتوار کی رات بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی تین جوہری تنصیبات فردو، اصفہان اور نطنز پر حملہ کردیا۔ ایرانی حکام نے حملوں کی تصدیق کردی تاہم نقصانات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
ایران نے امریکی حملوں کے بعد اسرائیل پر خیبر شکن میزائلوں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں تل ابیب اور حیفہ سمیت کئی شہروں میں بڑی تباہی ہوئی ہے، 80 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ہم ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران پر امریکا کا پہلا براہ راست حملہ کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، ہم تنازع کو فوری طور پر کم کرنے کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایران کو کسی بھی غیر ملکی جارحیت کیخلاف اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔




















