ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اور ایجنٹ کو گرفتار کرلیا، جنگ کے آغاز سے اب تک 8 جاسوسوں کو پکڑا جبکہ ایک کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔ اسرائیل نے تازہ حملوں میں ایک اور ایرانی ایٹمی سائنسدان کو شہید کرنے کا دعویٰ کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایک اور ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی ایجنٹ ایرانی دفاعی نظام کی تفصیلات موساد کو بھیج رہا تھا، ایجنٹ نے واٹس ایپ کے ذریعے معلومات موساد کو فراہم کیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد سے ایران میں موجود موساد کے 8 ایجنٹوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ایک کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے صہیونی فوج کو تہران پر حملے بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے ایرانی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے کیے جارہے ہیں، اسرائیل کو ایران کے تمام حکومتی اداروں پر حملہ کرنا چاہئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تہران پر آج ہونیوالے حملے میں ایک اور ایٹمی سائنسدان مارا گیا ہے۔
ایرانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تہران میں ایک اسپتال پر راکٹ حملہ کیا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے مؤقف سے یوٹرن لیتے ہوئے کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی ہمارا ہدف نہیں، ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول اور میزائل پروگرام کو رکوانا ہمارا اولین ہدف ہے، ایران میں حکومت کی تبدیلی اہداف میں شامل نہیں، جنگ کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔





















