قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی۔نجکاری کمیشن کے مطابق پانچ پارٹیز نے اسٹیٹمنٹ آف کوالیفکیشن جمع کرا دی ہیں۔
نجکاری کمیشن کے اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے لیے آٹھ مختلف گروپوں نے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کرائیں۔ ان میں سے پانچ نے اسٹیٹمنٹ آف کوالیفکیشن بھی جمع کرائی جن میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی۔ ایئر بلیو اور عارف حبیب کارپوریشن شامل ہیں۔ عارف حبیب گروپ میں فاطمہ فرٹیلائزر۔ سٹی اسکولز اور لیک سٹی ہولڈنگز شامل ہیں۔ لکی سیمنٹ پر مبنی کنسورشیم نے بھی درخواست جمع کرائی ہے۔ جس میں حب پاور ہولڈنگز۔ کوہاٹ سیمنٹ اور میٹرو وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔ دیگر پارٹیز میں آگمینٹ سیکیورٹیز اینڈ انویسٹمنٹ، سیرن ایئر، بحریہ فاؤنڈیشن اور میگا ہولڈنگز بھی شامل ہیں۔
نجکاری کمیشن اب اسٹیٹمنٹ آف کوالیفکیشن کا جائزہ لے کر پری کوالیفائیڈ پارٹیز کا تعین کرے گا جس کے بعد ان ممکنہ سرمایہ کاروں کو ڈیو ڈیلیجنس کے لیے ورچوئل ڈیٹ روم تک رسائی دی جائے گی۔ پی آئی اے کے اکیاون سے سو فیصد شیئرز فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل حکومت کے نجکاری ایجنڈے پر مارکیٹ کے اعتماد کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام قومی ایئر لائن کی تنظیمِ نو اور بحالی کی سمت ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی مفاد میں شفاف، مسابقتی اور بہتر طرزِ حکمرانی پر مبنی نجکاری کے عمل کے لیے پُرعزم ہے۔






















