پنجاب حکومت نے 2025-26 کے بجٹ میں زراعت کے لیے 129.8 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کر دیا۔
پیر کے روز صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پنجاب کا 5335 ارب روپے کا تاریخی بجٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جس میں ترقیاتی بجٹ 1244 روپے رکھا گیا ہے۔
وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کا بجٹ تقریر میں کہنا تھا کہ ہماری حکومت آئی تو کسان مسائل کا شکار تھے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی طرف لائی اور ہم نے گرین ٹریکٹر اسکیم کے ذریعے 9 ہزار 500 کسانوں کو جدید مشینری دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے ہائی پاور ٹریکٹر پروگرام کیلئے 10 ارب روپے مختص کیے گئے جبکہ وزیر اعلیٰ ہائی ٹیک فارمز پروگرام کی لاگت 9 ارب اور ایگری فارم پروجیکٹ کی لاگت 7 ارب روپے رکھی گئی۔
دستاویز کے مطابق گرین ٹریکٹر اسکیم کیلئے 5.5 ارب مختص کیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کیلئے 6.3 ارب اور فصل بیمہ پروگرام کیلئے 1.5 ارب مختص کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق صوبائی بجٹ 26-2025 میں زراعت پر سبسڈی کا تخمینہ 22 ارب روپے ہے۔



















