ایران اور امریکہ کے درمیان کل ہونے والا جوہری مذاکرات کا چھٹا دور منسوخ ہو گیاہے جس کی تصدیق اومان کے وزیر خارجہ بدر البسیدی نے بھی کر دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اومان بدر البسیدی کا کہنا تھا کہ اتوار کو شیڈول ایران امریکہ مذاکرات نہیں ہوں گے ، پائیدار امن کا واحد راستہ سفارت کاری اور مذاکرات ہی ہیں ۔
اس سے قبل ایران کی وزارت خارجہ کا بھی بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے مذاکرات کو بے معنی قرار دیا تھا ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہماری بنیادی توجہ دشمن کی جارحیت کا مقابلہ کرنا ہے ، اصولی طور پر ایک ایسی جماعت کے ساتھ بات چیت میں حصہ لینا بے معنی ہوگا جو حملہ آور کی سب سے بڑی حمایتی اور ساتھی ہو۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز علی الصبح اسرائیل نے ایران پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا جس دوران پاسداران انقلاب کے سربراہ اور آرمی چیف سمیت 6 سائنسدانوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی ۔ اسرائیلی حملوں میں ایران کے 78 شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ 320 سے زائد زخمی ہیں ،شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔
ایران نے اسرائیلی حملوں کا جواب دیتے ہوئے گزشتہ شب بڑے پیمانے پر 200 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جن میں سے متعدد تل ابیب اور یروشلم میں جا کر لگے ، اسرائیلی فوج کا کہناہے کہ انہوں نے متعدد ایرانی میزائلوں کو ہوا میں ہی ناکارہ بنا دیا جبکہ سوشل میڈیا پر تل ابیب میں میزائل عمارتوں پر لگنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہیں ۔اس حملے میں اسرائیل کے 4 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 20 سے زائد زخمیوں کی تعداد بتائی جارہی ہے ۔





















