اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیاہے کہ حملوں کے دوران ایران کے مزید 3 سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد شہید ہونے والے سائسندانوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے ۔
بی بی سی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے حملوں میں نو ایرانی ایٹمی سائنسدان اور ماہرین مارے گئے ہیں۔ اس سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ اس نے چھ ایرانی نیوکلیئر سائنسدان مارے ہیں۔
اب اسرائیل نے کہا کہ جمعرات کو جو حملے کیے گئے ان میں چھ نہیں بلکہ نو سائنسدان مارے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے کہا ہے کہ حملوں میں اصفہان اور نطنز کے جوہری مقامات کو کافی نقصان پہنچا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک اسرائیلی اہلکار نے اسے بتایا ہے کہ ایران میں 150 سے زیادہ اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔ اہلکار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی طرف داغے جانے والے زیادہ تر ڈرونز اور میزائلوں کو روک دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی فوج کا کہناہے کہ اسرائیلی ایف 35 کو ایرانی حدود میں نشانہ بنایا گیاہے ، طیارہ ہٹ ہونے کے بعد پائلٹ نے پیراشوٹ سے چھلانگ لگائی ، طیارے کے پائلٹ کو کمانڈوز نے حراست میں لے لیاہے ۔ ایرانی فوج نے اسرائیل کے تین ایف 35 طیارے گرانے اور خاتون پائلٹ سمیت 2 پائلٹس کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔





















