مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) میں شمولیت کی دعوت مل گئی۔
کراچی میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔
رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کو پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں جس پر سابق وزیر اعظم نے ان سے مکالمہ کیا کہ لاہور میں ایم کیو ایم کا نائب صدر میرے گاوں کا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ مڈل کلاس پارٹی ہی ملک کی ترقی کا حل ہے۔
اس موقع پر روف صدیقی نے شاہد خاقان کو ملکی حالات پر اشعار بھی سنائے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل کو بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں۔ ایم کیو ایم نے مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار اور مفتاح اسماعیل کے درمیان ملاقات ہوئی تھی جس کے دوران فاروق ستار نے سابق وفاقی وزیر خزانہ کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔
علاوہ ازیں احتساب عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو ریلیف نہیں عدالتوں سے فیصلہ چاہیے ، پہلے بھی کیسز سے بری ہوئے ہیں اس کیس میں بھی بری ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کس بات کی معافی مانگوں مقدمات بنائے ہیں تو سامنا کر رہے ہیں، ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنان نے کئی کئی سال جیل کاٹی ہے، ہمیں تو معافی ملنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، معافیاں تو اشرافیہ کے لیے ہوتی ہیں اور اشرافیہ کے لئے رات دن عدالتیں لگتی ہیں۔