متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار اور مفتاح اسماعیل کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے دوران فاروق ستار نے سابق وفاقی وزیر خزانہ کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات 2 روز قبل مفتاح اسماعیل کے گھر پر ہوئی تھی جس کے دوران معاشی و سیاسی بحران اورعام انتخابات کے حوالے سے گفتگو بھی ہوئی۔
ملاقات کے دوران مفتاح اسماعیل نے شمولیت کی دعوت پر فاروق ستار کو سوچ کر جواب دینے کا یقین دلایا۔
ملاقات کے حوالے سے فاروق ستار نے بتایا کہ ملک کواس وقت مشترکہ قومی ایجنڈے کی ضرورت ہے اور مفتاح اسماعیل سے ملاقات میں اسی قومی ایجنڈے پر بات ہوئی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل نے مشترکہ قومی ایجنڈے کی ضرورت کو ناگزیر قرار دیا ہے ، ان کا معاشی وژن بہت وسیع ہے اور انہوں نے کہا ہے وہ سوچ کر جواب دیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان مستقبل میں بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔